لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ کرلیا، سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ دم توڑتی کلب ہاکی کی بحالی کیلئے تمام اقدامات کریں گے ۔ ملک بھر میں ڈسٹرکٹ کی سطح پر کلب ہاکی چیمپئن شپ کروائی جائے گی تاکہ گراس روٹ سطح پر کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع مل سکیں۔ ملک بھرمیں مجموعی طور پر 1144 ہاکی کلب ہیں جن میں سے 605 رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں پنجاب کے 375، سندھ کے 67، خیبر پختونخواہ کے 126، بلوچستان کے 25 اور اسلام آباد کے 12 ہاکی کلبز رجسٹرڈ ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئن آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ گراس روٹ لیول پر ہاکی بحالی کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائیں گے جبکہ ڈسٹرکٹ، ریجن اور صوبائی سطح پر کلب ہاکی مقابلے کروائے جائیں گے ۔