اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 13 فیصد تک رہنے کا خدشہ ہے جبکہ روپے کی قدر کمی میں سے اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ ورلڈ بینک کی پاکستان کی معیشت پر جاری کردہ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ مالی سال 2019-20ء میں معاشی ترقی کی شرح3.3فیصد رہیگی۔ سخت مانیٹری پالیسی کے باعث معاشی ترقی کی شرح میں کمی آئیگی جبکہ مالی سال 2020-21ء میں معاشی ترقی کی شرح 3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ اصلاحاتی عمل سے مسابقت بڑھ رہی ہے ۔ معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم معاشی ترقی کا انحصار سیاسی استحکام، سکیورٹی اور خام تیل کی قیمت پر ہے ۔مالی سال 2020-21ء میں مہنگائی کی شرح8.3فیصد تک رہنے اور جاری کھاتوں کا خسارا جی ڈی پی کے 2.2فیصد رہنے کا امکان ہے ۔ ڈالر مہنگا ہونے سے درآمدات میں کمی جبکہ برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ مالی سال 2019-20ء میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 7.5 فیصد اور 2020-21ء میں6.2فیصد رہنے کا امکان ہے ۔رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ بیرونی ادائیگیاں پاکستان کیلئے مسئلہ رہیں گی جبکہ معاشی سست روی اور مہنگائی کے باعث غربت میں کمی کا امکان نہیں ۔