ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے اکتوبر 2020تک 27اہداف پر عملدرآمد کرنے کا کہا گیا ہے۔ پاکستان جون 2018ء سے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ پر ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں ہونے والے اجلاس میں 27اہداف میں سے 5پر عملدرآمد اور باقی پر پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کو فروری تک بہتری کا وقت دیا گیا تھا۔ گزشتہ برس ایتھوپیا، تیونس اور سری لنکا کو گرے لسٹ سے نکالنے جبکہ پاکستان، کمبوڈیا، گھانا، آئس لینڈ، منگولیا، پانامہ اور شام، یمنی، زمبابوے، شمالی کوریا اور ایران کو گرے لسٹ میں رکھا گیا۔ حکومت نے نہ صرف ایف اے ٹی ایف کے اہداف کے حصول کے لئے سنجیدگی سے کام کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈہ کا مناسب توڑ بھی کیا ہے۔ کثیر الجہتی حکومتی کاوشوں کا ہی ثمر ہے کہ رواں اجلاس میں 27اہداف میں سے 14پر عملدرآمد کو تسلیم کیا گیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا بھی جا رہا ہے۔ حکومت جس سنجیدگی اور خلوص نیت سے اقدامات کر رہی ہے امید کی جا سکتی ہے کہ پاکستان اہداف حاصل کر لے گا۔بہتر ہو گا پاکستان اہداف کے حصول کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھارت کی پاکستان مخالف لابنگ کے توڑ کے لئے بھی بھر پور کوششیں جاری رکھے تاکہ گرے لسٹ سے نکل کر بھارتی عزائم کو خاک میں ملانے کے ساتھ معاشی ترقی کی منزل بھی حاصل کی جا سکے۔