اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث تباہ حال معیشت کو بحال کرنے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کو آئندہ اڑھائی سال کے دوران 7.1ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنے پر قائل کرلیا ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے وفاقی حکومت سے ریڈ زون میں دفتر کے قیام کیلئے ایک ایکڑ اراضی طلب کرلی ۔ پاکستان میں اپنے امور کی بہتر طور پر انجام دہی کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کو مزید افرادی قوت اور جگہ درکار ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک31ہزار41روپے فی مربع گز کے حساب سے زمین کی کل لاگت 15کروڑ23لاکھ روپے جبکہ 0.6روپے مربع گز کے حساب سے سالانہ گراؤنڈ رینٹ ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے اقتصادی امور ڈویژن کی سمری پر ایشیائی ترقیاتی بینک ریڈ زون میں ایک ایکڑ اراضی فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ قانونی تقاضے کے پیش نظر حتمی منظوری کیلئے سمری آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔92نیوز کوموصول دستاویز کے مطابق 1966سے ابتک ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو معاشی،توانائی،ٹرانسپورٹ،زراعت اور پانی کے شعبوں میں 25ار ب ڈالر سے زائد فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے نئے کنٹری آپریشن بزنس پلان کے ذریعے 2020سے 2022تک پاکستان کو معیشت کی مضبوطی کیلئے 7.1ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت دار وں میں سے ایک ہے ۔پاکستان3.22ارب ڈالر سرمائے اور 2.174فیصد حصص کے ساتھ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بانی رکن ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو مختلف منصوبوں کیلئے مالی معاونت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تکنیکی گرانٹ بھی فراہم کی جاتی ہے ۔دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے حکومت پاکستان سے ریڈ زون میں دفتر کے قیام کیلئے اجازت طلب کی گئی۔اس وقت ایشیائی ترقیاتی بینک کا دفتر نجی ہوٹل کے بزنس کمپلیکس میں موجود ہے ۔ بینک کی درخواست پر سی ڈی اے کی جانب سے سیکٹرG-5/1میں ایک ایکڑ زمین کی پیشکش کی گئی۔31ہزار41روپے فی مربع گز کے حساب سے زمین کی کل لاگت 15کروڑ23لاکھ روپے سے زائد جبکہ 0.6روپے مربع گز کے حساب سے سالانہ گراؤنڈ رینٹ کی پیشکش کی گئی۔ بینک کی جانب سے سی ڈی اے کی پیشکش قبول کر لی گئی۔ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کی جانب سے بھی توثیق کی گئی ۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سمری کو وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرنے سے قبل سی ڈی اے بورڈ کی منظوری حاصل کی جائے جسکے جواب میں سی ڈی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سی ڈی اے بورڈ کی جانب سے 2006میں ایشیائی ترقیاتی بینک کو زمین دینے کی منظوری دی گئی تھی ۔