نئی دہلی،اسلام آباد( نیوزایجنسیاں،نیٹ نیوز) بھارت مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر دنیا کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی دھمکیوں پر اتر آیا۔ہندو انتہا پسند مودی سرکار کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گیدڑ بھبکی دی ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال حالات پر منحصرہے جبکہ پاکستان نے قراردیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان بھارت کی غیر ذمہ دارانہ سوچ اور جنگی جنونیت کا عکاس ہے ۔گزشتہ روزبھارتی وزیر دفاع نے ایٹمی ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ دیدیا۔ راج ناتھ سنگھ نے پوکھران میں سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی پہلی برسی کی تقریب سے خطاب اور اپنے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پوکھران وہ علاقہ ہے جہاں ہم نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے بھارت کو ایٹمی طاقت بنانے کے پختہ عزم کو دیکھا تھا۔بھارت اب تک ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کے نظریہ پر سختی سے قائم رہا۔ لیکن مستقبل میں کیا ہو گا اسکا انحصار حالات پر ہے ۔ نیوکلیئر پالیسی میں تبدیلی مستقبل کی حکمت عملی اور حالات دیکھ کر کریں گے ۔بھارت کا جوہری صلاحیت کا ایک ذمہ دار ملک بننا ہر شہری کیلئے باعث فخر ہے اور پوری قوم اٹل جی کا یہ احسان کبھی نہیں چکا سکتی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پوکھران وہ مقام ہے جہاں پہلے 1974 میں اندرا گاندھی کے دور حکومت میں انڈیا نے پہلی بار جوہری تجربہ کیا تھا اور اسکے بعد 1998 میں اٹل بہاری واجپائی کے دور میں دوسری بار یہ تجربے کئے گئے تھے ۔ اہم سوال کھڑا ہوگیا ہے کہ کیا راجہ نارتھ نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سکیورٹی کونسل کے اجلاس سے پہلے اقوام عالم کو دھمکی دی ؟۔ راج ناتھ کا بیان ایک خطرناک انتہاپسند سوچ اور ایٹمی جنگ کے خطرے کی طرف اشارہ ہے ۔ بھارتی وزیردفاع کے بیان سے ثابت ہو گیا کہ مودی سرکار پاگل پن کی انتہا کو پہنچ گئی ہے ۔مودی سرکار عالمی امن کیلئے خطرہ بن گئی ہے ، پہلے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ کیا اور اب بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے نیوکلیئر پالیسی میں تبدیلی کا عندیددیدیا ، انکا بیان خطے کو ایٹمی جنگ کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے ، بھارتی وزیر دفاع کے بیان سے کشمیر کا نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہونا ثابت ہو گیا ۔علاوہ ازیں راج ناتھ کے جوہری ہتھیاروں پر اشتعال انگیز بیان پروزارت خارجہ پاکستان نے رد عمل میں کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کے افسوسناک بیان کا وقت اور موقع انتہائی غلط ہے ،انکا بیان بھارتی غیر ذمہ دارانہ سوچ اور جنگی جنونیت کا عکاس ہے ۔جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں عدم پہل کی پالیسی میں تبدیلی بھارتی عزائم کو ظاہر کرتی ہے ۔پاکستان نے بھارتی پالیسی کو کبھی کوئی خاص وزن نہیں دیا، جوہری ہتھیاروں کے استعمال میں عدم پہل کی بھارتی پالیسی مبہم ہے جس کی، جانچ نہیں کی جاسکتی۔بھارت کے جارحانہ عزائم اورصلاحیتوں میں اضافہ از خود بھارتی پالیسی کی نفی ہے ۔پاکستان کم سے کم قابل اعتماد دفاعی صلاحیت ہر صورت برقرار رکھے گا۔