لاہور (پ ر )پنجاب آئی ٹی بورڈ اور یوتھ افیئرز‘ سپورٹس‘آرکیالوجی اور ٹورازم کے مشترکہ ای روزگار پروگرام کے ذریعے تربیت لیکر آن لائن کام کر نے والے 9ہزار بے روزگار نوجوان دس کروڑ روپے سے زائد کا زرمبادلہ کما چکے ہیں جبکہ ای روزگار پروگرام کے نئے مرحلے کیلئے 35برس کی عمر تک کے بیروزگار نوجوانوں کی 13ہزار درخواستیں موصول ہو ئی ہیں جس کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں قائم 26ای روزگار سنٹرز میں منتخب نوجوانوں کو تین ماہ کیلئے تکنیکی اور غیر تکنیکی شعبوں میں فری لانسنگ کی مفت تربیت دی جائیگی تاکہ وہ گھر بیٹھے انٹرنیٹ پر کام کر کے معقول آمدنی کما سکیں۔26میں سے 4سنٹرز خواتین کیلئے وقف ہیں۔ پروگرام کی ابتدا سے اب تک کل 90ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ نئے مرحلے کیلئے منتخب شدہ نوجوانوں کی تربیت کا آغاز اگلے ماہ ہو گا۔