اسلام آباد (وقائع نگار) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملکی غذائی ضروریات کیلئے ساڑھے 82لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی منظوری دیدی۔ مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کاشتکاروں سے گندم1365 روپے فی من کے حساب سے خرید ی جائے گی۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق ضرورت پڑنے کی صورت میں 5 لاکھ ٹن گندم درآمد بھی کی جائیگی، خیبرپختونخواکی ضروریات کیلئے ایک لاکھ ٹن اضافی گندم،سندھ کیلئے 50ہزار ٹن اضافی گندم کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے 30 مئی تک پیاز کی برآمد پر پابندی عائد کردی ہے ۔ٹڈی دل کا مقابلہ کرنے کیلئے این ڈی ایم اے کو 63 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹ کی فراہمی کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔کمیٹی نے درآمد پالیسی 2016 ء میں ترمیم اورحلال لوگو والے مال کی کسٹمز کو 30 اپریل کلیئرنس کی منظوری دی ہے ۔برآمدی شعبے میں شامل صنعتوں کی شناخت کے طریقہ کار کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔ وزارت خزانہ وزارت پٹرولیم کی رسید پر سبسڈی کی رقم 14 دن میں ریلیز کیا کر یگی۔ کمیٹی نے کنٹرولڈ کیمیکلز کی درآمد کی اجازت بھی د یدی ہے ۔ فاٹا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیراوروفاقی دارالحکومت میں اساتذہ کے ٹریننگ پروگرام کیلئے 6 کروڑ روپے ، وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے افغانستان میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 11 کروڑ روپے اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے 45 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے ۔ ای سی سی نے تریمو ایل این جی پاور پلانٹ کیلئے گیس خریداری معاہدے کرنے کی منظوری بھی دی۔