اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پورٹ قاسم اتھارٹی کیلئے غیرملکی انجینئرنگ کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی منظوری دی گئی، کنسلٹنٹ پورٹ قاسم ماسٹر پلان کی منصوبہ بندی،اپ گریڈیشن اور جائزہ لے گا۔ای سی سی نے کوہاٹ آئل ڈپو کو دوبارہ کھولنے کی منظوری دے دی، اس فیصلہ سے سٹوریج کی استعداد2000 کلولیٹربڑھ جائیگی۔وزارت دفاع کے مختلف ایگزیکٹو محکموں کیلئے 87.33 کروڑ، حکومت آزاد کشمیر کو اشیائے خوراک کی سبسڈی کے ضمن میں وزارت خزانہ کیلئے 1.5 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ، سول آرمڈ فورسز کھڑی کرنے کے فیزتھری کے ضمن میں وزارت داخلہ کیلئے 5 ارب روپے ، وزارت داخلہ کوانتظامی اخراجات کیلئے 320 ملین روپے ، فرنٹیئرکورہیڈکوارٹرز خیبرپختونخوانارتھ کو شہدا کے اہل خانہ کیلئے 204.14 ملین روپے ، پاکستان رینجرزپنجاب کے ملازمین سے متعلق اخراجات کے ضمن میں وزارت داخلہ کیلئے 957 ملین روپے ،فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹ ویلفیئرفنڈ کے قیام کے ضمن میں قومی ادبی وثقافتی ورثہ ڈویژن کیلئے 250 ملین روپے اور ریونیوڈویژن کے آپریٹنگ اخراجات کیلئے 15کروڑ روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔خیبر پختونخوا اور پنجاب کے ہسپتالوں کیلئے 12.88 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ٹیلیفون انڈسٹری پاکستان( ٹی آئی پی )کے نیشنل بینک سے لئے گئے قرض کو ری شیڈول کیلئے حکومتی گارنٹی کی توسیع کی منظوری مؤخر کر دی گئی۔ وزارت سمندرپارپاکستانیز کو پنشن سپورٹ کی مد میں 4.52 ارب روپے کی گرانٹ اورپی پی ایل کو عراق کے بلاک 8 میں ایکسپلوریشن کی سرگرمیاں شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ حکومت نے پی پی ایل کو کم سے کم مالی بوجھ (100 ملین ڈالر) کے ساتھ اعلان کردہ ایکسپلوریشن کرنے کی اجازت دی ہے ، ای سی سی نے پی پی ایل کے بورڈکوسرمایہ کاری کی فیزیبلٹی کے دوبارہ تصدیق وتائید کی ہدایت کی ہے ۔