لاہور(حافظ فیض احمد)محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے کرپٹ سرکاری ملازمین اور افسران کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جبکہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے تما م ڈائریکٹرز سے اشتہاری ملزمان کی فہرستیں بھی مانگ لی ہیں اور ان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے جس پر محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیموں نے عمل درآمد شروع کر دیا ہے ۔ محکمہ اینٹی کرپشن ٹیم نے غیر قانونی طور پر 6 منزلہ کمرشل عمارت تعمیر کرانے کے الزا م میں تحصیل آفیسر ریگولیشن راولپنڈی پرویز اختر شاہ بخار ی کو گرفتار کر لیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کریں۔