لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2020 ئملتوی کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا،شیڈول کے مطابق ستمبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والا ایونٹ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ ایکسچینج کر لیا ہے ، اب یہ ایونٹ سری لنکا میں جون میں کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق دو روز سے ایشیا کپ کے التوا کی خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل نے اس کی باقاعدہ تصدیق کردی۔ اے سی سی کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا کپ شیڈول کے مطابق کرانے بارے کئی بار غور کیا گیا اور تمام ارکان نے اس پر اپنی رائے دی تاہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ ، مختلف ممالک کے قرنطینہ قوانین اور کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت کو پیش نظر ایونٹ ستمبر میں کرانا ممکن نہ رہا جس کے بعد اسے ملتوی کرنا پڑا۔ اے سی سی نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد 2021 میں ہو گا۔تاہم اس دوران پی سی بی اور سری لنکن بورڈ نے باہمی رضا مندی سے ایونٹ ایکسچینج کرلیا جس کی اے سی سی ایگزیکٹو بورڈ نے بھی منظوری دے دی ہے ۔ لہذا اب جون 2021 میں سری لنکا ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اب ایشیا کپ 2022 کی میزبانی کرے گا۔اے سی سی کاکہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنانے کے لئے ہی ایونٹ ملتوی کیا گیا ہے ۔