اسلام آباد،ملتان (خصوصی نیوز رپورٹر،خبر نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لیگی رہنماایاز صادق کی گفتگو غیر ذمہ دارانہ تھی،بدقسمتی سے اگر اندر سے ہی ایسی بولیاں بولی جائینگی تو اس سے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے بیانیے کو تقویت ملے گی جو انتہائی افسوسناک ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ابھی نندن کی رہائی سے متعلق وضاحت کے بعد مزید کوئی گنجائش نہیں رہتی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعددانشمندی سے اقدامات کئے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انکے وضاحتی بیان سے تاثر ملتا ہے کہ ایاز صادق نہ چاہتے ہوئے کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل گئے ، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ہندوستان تو پاکستان کو نیچا دکھانے کیلئے ہمیشہ موقع کی تلاش میں رہتا ہے ۔دریں اثناملتان میں میلاد ریلی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے مسلم امہ کے جذبات مجروح ہوئے ۔ فرانس کے ساتھ تعلقات کیلئے او آئی سی کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کیلئے پوری قوم متحد ہے ۔