لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور کے 2 بڑے ہسپتالوں میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ جناح ہسپتال کی ایمرجنسی کے سامنے جبکہ میو کے سرجیکل ٹاور پر ہیلی پیڈ کی تیاری پر غور شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے ہائی ویز اور دور دراز علاقوں میں حادثے سے دوچار ہونے والے مریضوں کو فوری علاج معالجے کی فراہمی کیلئے ایئرایمبولینس سروس کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے سابق وزیر صحت ڈاکٹر طاہر علی جاوید کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جو اس منصوبے کو مکمل کرے گی۔ابتدائی طور پر میو ہسپتال کے سرجیکل ٹاور اور جناح ہسپتال کی ایمرجنسی کے سامنے ایئر ایمبولینس کیلئے ہیلی پیڈ تیار کرنے کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور کے دونوں بڑے ہسپتالوں میں ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔