کراچی ،واشنگٹن(کامرس رپورٹر،92 نیوزرپورٹ)ایران ، امریکہ کشیدگی بڑھنے اور اس کے بین الاقوامی منفی اثرات کے پیش نظر پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو زبردست مندی کی لپیٹ میں رہی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمائے کی بڑے پیمانے پر انخلاکے باعث کے ایس ای100انڈیکس کی 42ہزار کی نفسیاتی حد گرگئی اور انڈیکس 1027.06پوائنٹس کی کمی سے 41296.24پوائنٹس کی سطح پرآگیا جب کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی دھڑا دھڑ فروخت کے سبب 90.52فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 68ارب21کروڑ47لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا اور کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن نسبت کی17.42فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کوٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور ایران امریکہ کشیدگی کے پیش نظر غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کادباؤ رہاجس کو دیکھا دیکھی مقامی سرمایہ کار بھی حصص فروخت کرنے کو ترجیع دینے لگے جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 41206پوائنٹس کی نچلی سطح پر جاپہنچا بعد میں 90پوائنٹس کی ریکوری آئی لیکن مارکیٹ مندی کی گرداب سے نہ نکل سکی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1027.06پوائنٹس کی کمی سے 41296.24پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 465.66پوائنٹس کی کمی سے 19009.10پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 628.48پوائنٹس کی کمی سے 29145.52پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر359کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 28کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ325میں کمی اور6میں استحکام رہا ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں ایک کھرب 68ارب21کروڑ47لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ گھٹ کر 78کھرب 47ارب 16کروڑ86لاکھ روپے ہوگیا پیرکو 26کروڑ66لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جوجمعہ کی نسبت 5کروڑ62لاکھ شیئرز کم ہے ۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے بہانیرو ٹیکس کے حصص کی قیمت39.95ہزارروپے کے اضافے سے بڑھ کر839روپے اورجوبلی لائف انشورنس کے حصص 9.99روپے کے اضافے سے 399.99روپے ہوگئی جب کہ رفحان میظ اور یونی لیور فوڈز کے حصص کی قیمتوں میں باترتیب165روپے اور150روپے کی کمی ہوئی جس سے رفحان میظ کے حصص کی قیمت 7255روپے یونی لیور فوڈزکے حصص کی قیمت7650روپے ہوگئی ۔نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے کے الیکٹرک، یونٹی فوڈز، بینک آف پنجاب ،ٹی آر جی پاک،،فوجی فوڈز،آزگارڈ نائن،اینگرو پولیمر،پاک الیکٹران ،پی ایس او اورمیپل لیف کے شیئرز نمایاں رہے ۔ دریں اثناعالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت مزید2600روپے کے اضافے سے 93400روپے کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق پیرکوبین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت26ڈالر کے غیر معمولی اضافے سے 1578ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثرکراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2600روپے کے اضافے سے 93400ر وپے اوردس گرام سونے کی قیمت 2230روپے کے ا ضافے سے 80075روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت 10روپے کے اضافے سے 1070روپے اوردس گرام کی قیمت 917روپے ہوگئی۔دریں اثنا خام تیل کی قیمتیں 70ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئیں،کئی ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں خام تیل کی قیمتیں گراوٹ کا شکار ہیں۔