تہران،واشنگٹن(اے ایف پی ،این این آئی) ایران نے فوجی مشقوں کے دوران ملکی ساختہ فضائی دفاعی نظاموں کا تجربہ کیا ہے ۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کے خلاف اسلحہ کی بین الاقوامی پابندی کے خاتمے کے چند دن بعد ہی تجربہ کیا گیا ،مشقوں کو فضاکے محافظ نام سے موسوم کیا گیا ہے ، مشقیں ملک کی سطح کے آدھے حصے پر محیط علاقے میں ہوئیں۔ ایران اور وینزویلا کے امور سے متعلق امریکا کے خصوصی ایلچی الیوٹ ابرامز نے زور دے کر کہا ہے کہ ٹرمپ چاہے ہاریں پالیسی نہیں بدلے گی ،ایران پرآئندہ ماہ نئی پابندیاں لگائیں گے ۔انہوں نے کہا ایران کا رویہ تبدیل ہونے تک دبائو کی حکمت عملی باقی رکھی جائے گی،ہمارے پاس پابندیوں کی بڑی چھتری ہے جو ہر جگہ کام کرتی رہے گی، آئندہ امریکی صدر کوئی بھی ہوایران کا رویہ تبدیل ہونے تک دبا کی حکمت عملی باقی رکھی جائے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق خصوصی انٹرویو میں ابرامز نے انکشاف کیا کہ امریکی انتظامیہ آئندہ ماہ پابندیوں کے ایک نئے پیکج کی تیاری کر رہی ہے ۔ امریکی ایلچی کے مطابق ان کے یورپی ممالک کے حالیہ دورے میں ایران کی صورت حال زیر بحث آئی۔ اس حوالے سے ہونے والی زیادہ تر بات چیت غیر علانیہ رہے گی۔امریکی انتخابات کے حوالے سے ابرامز کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے ہار جانے کی صورت میں ایران میں بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ان پر امریکی پابندیاں ختم ہو جائیں گی ، یہ ایک غلط خیال ہے اور ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ ہمارے پاس پابندیوں کی ایک بڑی چھتری ہے اور یہ پابندیاں اپنی جگہ پر کام کرتی رہیں گی یہاں تک کہ ہمیں یہ نظر آئے کہ ایرانی نظام اپنا رویہ تبدیل کر رہا ہے ، خواہ آئندہ امریکی صدر کوئی بھی ہو۔