ریاض (این این آئی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی عرب پہنچنے کے بعد کہا ہے کہ وہ سعودی عرب اس لیے آئے ہیں تاکہ اپنے اتحادی ملک کی سلامتی کے لئے اپنی ذمہ داریوں پرعمل درآمد پر بات چیت کرسکیں۔ریاض پہنچنے کے بعد ٹویٹر پر اپنے اکائونٹ پر پوسٹ ایک بیان میں مائیک پومپیونے کہا کہ خطے میں ایران کے تخریبی اور تکلیف دہ کردارکے جواب میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے ۔امریکا ایران کے ساتھ کسی بھی وقت مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن تہران کو اس سے پہلے اپنے کردار میں بنیادی تبدیلی لانی چاہیے ۔ مائیک پومپیو نے سعودی شاہ سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایران سے لاحق مبینہ خطرات پر توجہ مرکوز رہی۔ پومپیو سعودی سرزمین پر قائم پرنس سلطان ایئر بیس کا دورہ کیا ، جہاں قریب ڈھائی ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔ اپنے دورے پر امریکی وزیر خارجہ نے کاروباری خواتین کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی۔