اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے اتوار کے روز انڈونیشیاء کے صدر جوکوویدودو اور ایران کے صدر حسن روحانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انھیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور کشمیرکے بارے میں اقدامات پر بریف کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی،بھارت نے مقبوضہ وادی کے مکینوں کو محصور کررکھا ہے جس سے ان کی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے ۔انہوں نے کہا عالمی برادری مقبوضہ وادی میں مظالم بند کرانے میں کردارادا کرے ۔وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو آگاہ کیا کہ گزشتہ 7 دہائیوں سے تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کرنے کے لئے پاکستان نے بارہا بھارت پر زور دیا ہے اور مسلسل کوششیں کی ہیں۔ ایرانی صدر نے علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کے لئے تمام ممکنہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو پرامن زندگی بسر کرنے کے لئے تمام قانونی حقوق اور سہولیات کے استعمال کا حق ملنا چاہئے ۔دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کراچی کے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کراچی کے شہریوں کوکئی دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا،وفاقی حکومت کراچی کے دہائیوں پرانے مسائل کے حل کیلئے جامع پیکج تشکیل دینے میں مصروف ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے عید الاضحیٰ کے روز پمز ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ وزیر اعظم نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا ،ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں اور ہسپتال انتظامیہ نے وزیر اعظم کو ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔مزیدبرآں وزیراعظم سے مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عامر محمود کیانی نے ملاقات کی۔عامر کیانی نے نماز عید بھی وزیراعظم کے ساتھ ادا کی۔