تہران(نیٹ نیوز) ایرانی صدر نے کم خدشات کی معاشی سرگرمیاں 11 اپریل سے بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ایران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جدو جہد کر رہا تاہم حکام کو تشویش ہے کہ عوامی زندگی کو محدود کرنے سے پہلے سے پابندی کا سامنا کرنے والے ملک کی معیشت تباہ ہوجائے گی۔ حسن روحانی نے ٹی وی پر نشر ہونے والے اجلاس میں کہا کہ وزارت صحت کی نگرانی میں تمام کم خدشات کی معاشی سرگرمیاں ہفتے کے روز سے بحال ہوجائیں گی جبکہ یہ سرگرمیاں تہران میں 18 اپریل سے بحال ہوں گی۔ایرانی حکومت کے تقریباً دو تہائی ملازمین ہفتے کے روز سے دفتر کے باہر سے کام کریں گے ۔ تاہم ان کا کہنا تھا زیادہ خدشات والی سرگرمیاں، جیسے سکول، یونیورسٹیاں اور متعدد سماجی و ثقافتی، کھیلوں اور مذہبی تقریبات 18 اپریل تک بند رہیں گی۔ ایرانی حکام نے متعدد مرتبہ شکایت کی کہ ایرانی عوام گھروں پر رہنے اور 20 مارچ سے آغاز ہونے والی نئے سال کی چھٹیوں میں سفر نہ کرنے کی اپیل کو نظر انداز کر رہے ہیں۔صحت اداروں نے ایران میں وائرس کی نئی لہر کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے ۔حسن روحانی کی حکومت نے شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے سے گریز کیا ہے تاہم 8 اپریل تک سفر کرنے پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔