واشنگٹن(92نیوز رپورٹ،این این آئی)امریکی سینٹرل کمانڈ نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایران کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں پر کئے گئے میزائل حملوں میں 11 امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے اور کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن بل اربن نے اپنے بیان میں کہا کہ 8جنوری کو الاسد کی ایئربیس پر ایرانی حملے میں کوئی بھی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا تھا لیکن دھماکوں کے نتیجے میں بے ہوشی کی علامات ظاہر ہونے پر متعدد فوجیوں کا علاج کیا گیا تھا اور اب بھی ان کا معائنہ جاری ہے ۔ ان فوجیوں کو مکمل معائنے کے بعد جیسے ہی امور کی انجام دہی کے لیے فٹ سمجھا جائے گا، ویسے ہی یہ واپس عراق لوٹ جائیں گے ۔