فیصل آباد سے یہ تشویشناک اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وہاں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ الائیڈ ہسپتال کی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق کل 2680 مریضوں میں سے 2300مرد اور 296خواتین اس موذی مرض میں مبتلا ہیں یہ انتہائی خطرناک صورت حال ہے۔ اس طرف فوری طور توجہ دینے اور مرض پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ لاڑکانہ سے شروع ہونے والا ایڈز کا یہ سلسلہ ملک کے باقی علاقوں میں پھیلتا جا رہا ہے اور محکمہ صحت اس پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے حالانکہ گزشتہ ماہ یہ اطلاعات دی جا چکی ہیں کہ پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 21ہزار 129سے بڑھ کر 23ہزارہو چکی ہے گویا قریباً مریضوں کی تعداد میں اڑھائی ہزار کا اضافہ ہو چکا ہے اس سے پہلے گزشتہ سال عالمی ادارہ صحت بھی خبردار کر چکا ہے کہ پاکستان میں ایڈز کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے، آج کل عالمی ادارہ صحت کی ٹیم لاڑکانہ آئی ہوئی ہے اسے حکومتی سطح پر ملک کے دوسرے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرایا جائے اور فوری طور پر ترجیحی بنیادوں پر وفاق ‘ صوبوں، اضلاع ‘ تحصیلوں، قصبوں اور محلوں کی سطح پر ملک گیر عوام آگاہی مہم شروع کی جائے اور تمام چھوٹے اور بڑے ہسپتالوں میںایڈز کے ٹیسٹ ادویات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کائونٹر قائم کئے جائیں جہاں ہر شخص کو اپنا ٹیسٹ کرانے کی سہولت دی جائے تاکہ مستقبل میں لوگوں کو اس جان لیوا بیماری سے بچایا جا سکے۔