اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) ایس ای سی پی نے گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ لسٹنگ ریگولیشنز کی منظوری دے دی، تفصیلات کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ، گرین فیلڈ منصوبوں ، غیر منافع بخش کمپنیوں کو کپیٹل مارکیٹ کے ذریعے سرمایہ حاصل کرنے کیلئے گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ لسٹنگ ریگولیشنز کی منظوری دے دی ہے ۔ نئے ریگولیشنز ان کمپنیوں کیلئے سٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کی راہ ہموار کریں گے جو کہ پاکستان سٹاک ایکس چینج سے سرمایہ ھاصل کرنا چاہتی ہیں مگر سٹاک مارکیٹ کے بورڈ میں اندارج کی مشکل شرائط کو پورا نہیں کر سکتیں۔گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ لسٹنگ ریگولیشنز سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے لئے بھجوا دئے گئے ہیں۔ نئے ریگولیشنز سٹاک ایکس چینج کے موجودہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز بورڈ کی جگہ لاگو ہوں گے ۔ اس طرح گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ(جی ای ایم) پی ایس ایکس کے مین بورڈ کے علاوہ سٹاک ایکس چینج میں ایکویٹی سیکیورٹیز کی لسٹنگز اور ٹریڈنگ کا علیحدہ دوسر ا بورڈ ہوگا۔ تا ہم پی ایس ایکس کے دونوں بورڈز کیلئے ایک ہی ٹریڈنگ سکرین استعمال ہو گی۔چھوٹی کمپنیوں کے لئے قائم نیا بورڈ (جی ای ایم ) ، پی ایس ایکس مین بورڈ کے مقابلے میں زیادہ سازگار اور سہل ریگولیٹری ماحول فراہم کریگا۔ کوئی بھی پبلک لمیٹڈ کمپنی جس نے پچھلے دومالی سالوں کے اکاؤنٹ کا آڈٹ کروایا ہو اور کمپنی کا کل ادا شدہ سرمایہ کم از کم25ملین ہو ، جی ای ایم بورڈ میں لسٹنگ کے لئے اہل ہو گی ۔ جی ای ایم بورڈ میں لسٹنگ کے لئے کم از کم فیس 50،000 روپے ہے جو پی ایس ایکس مین بورڈ میں لسٹنگ کی فیس سے نمایا ں طور پر کم ہے ۔ پی ایس ایکس کے بورڈ پر لسٹنگ کی کم از کم فیس دو لاکھ روپے ہے ۔ اس کے علاوہ جاری کنندہ کی سہولت کیلئے ، کوئی بھی شخص جیسے ایس ای سی پی نے بروکر یا کنسلٹنٹ کا لائسنس جاری کیا ہو ، نئے بورڈ پر لسٹنگ کے لئے ایڈوائزر کے طور پر کام کر سکتا ہے ۔ جاری کنندہ انفارمیشن میمورنڈم کے ذریعے ایشو کے بعد ادا شدہ سرمایہ کا 10فیصد اہل سرمایہ کاروں کو دے سکتا ہے ۔