اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) کروانا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں کمپنیوں کو سہولت اور آسانی فراہم کرنے کے لئے سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے کمپنیوں کے سالانہ اجلاس ( اے جی ایم ) منعقد کروانے اور دیگر کمپنیز ایکٹ کے تحت دیگر ڈیڈ لائنز میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے ۔ کمیشن نے کمپنیز ایکٹ کی دفعہ 510 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے 30 دن کی توسیع کا سرکلر جاری کر دیا ہے ۔سرکلر کے مطابق تمام وہ کمپنیاں جن کا مالی سال 31 دسمبر 2019 کو ختم ہوا ، اور انہیں اپریل 30 تک سالانہ اجلاس منعقد کرنے تھے ، ان کمپنیوں کے لئے سالانہ اجلاس منعقد کرنے کے لئے 30 دن کی توسیع کر دی گئی ہے ۔ سرکلر کے مطابق کمپنیاں 29 مئی تک سالانہ اجلاس منعقد کر سکتیں ہیں۔ اس کے علاوہ جن کمپنیوں نے سالانہ اجلاس میں ڈائریکٹرز کے الیکشن منعقد کروانے ہیں ، وہ سیکشن 158(2) کے تحت ڈائریکٹر کے الیکشن میں تاخیر اور اس کو وجوہات کی رپورٹ متعلقہ رجسٹرار کو فائل کر سکتے یں۔اسی طرح مارچ 24 اور اس کے بعد کی تاریخ تک جمع کروائے جانے والے ہر قسم کے قانونی ریٹرن میں بھی 30 دن کی توسیع کر دی گئی ہے اور تاخیر سے جمع کروانے میں کوئی جرمانہ یا قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ ایس ای سی پی میں 50 فیصد ملازمین گھروں سے جبکہ 50 فیصد دفاتر سے کام کریں گے ۔