اسلام آباد( پ ر) آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں کثیرالدرجاتی بیک ہال کنیکٹویٹی کے ساتھ سب سے بڑے مربوط نیٹ ورک کے حامل ادارہ سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) اور صف اول کی ٹیلی مواصلات کی انفراسٹرکچر سروسز کمپنی ای ڈوٹ کو پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے مابین آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کیلئے ایک سمجھوتہ ہو گیا ہے ۔ دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین پلاننگ،ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم، ڈاکٹر جہانزیب خان نے اسپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر ان کا استقبال ڈائریکٹر جنرل ایس سی او ،میجر جنرل علی فرحان(ہلال امتیاز ملٹری )نے کیا۔ سیکریٹری کو نیکسٹ جنریشن موبائل سسٹم(NGMS) اور پاک چین آپٹیکل فائبر کیبل(PCOFC) منصوبوں سمیت ایس سی او کے مختلف جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ سیکریٹری کو بتایا گیا کی ایس سی او آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے دوردراز علاقوں میں جدیدترین ٹیلی کام، براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور آئی سی ٹی خدمات مہیا کر رہا ہے ۔ڈاکٹر جہانزیب خان نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے دشوار گزار علاقوں میں ٹیلیکام کی مستقل ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ایس سی او کے اقدامات کی اپنی وزارت کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ بعد ازاں ڈپٹی سیکریٹری نے پاک چائنہ ڈیٹا سینٹر اور NGMSبلڈنگ کا دورہ کیا۔