لاہور(سپیشل رپورٹر)ایس پی انویسٹی گیشن صدر محمد راشد نے چوہنگ اور سبزہ زار سرکل کے مختلف حساس پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور وہاں پر تعینات افسران و اہلکاروں کو الیکشن ڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق سے متعلق بریف کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمام افسران واہلکار اس اہم ترین قومی فریضہ کو دیانتداری اور پروفیشنل طریقہ سے سرانجام دیں اور تمام عمل کے دوران غیر جانبدارنہ اور خوش اخلاق رویہ کا مظاہرہ کریں۔ پولنگ کے عمل کے دوران مثالی نظم و ضبط کو یقینی بنائیں اور کسی بھی شرپسند عنصر کوپولنگ کے عمل میں تعطل یا دخنہ نہ ڈالنے دیں۔ اسلحہ، کیمرہ اور موبائل فون کے استعمال کی ہرگز اجازت نہ ہوگی۔ انہوں نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عورتوں بوڑھوں اور بیمار افراد کے لئے پولنگ کے عمل کے دوران زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں نیز انہوں نے مختلف لاء انفورسمنٹ کے افسران اور جوانوں کو تاکید کی کہ مل جل کر ایک ٹیم ورک کے تحت اس اہم قومی فریضہ کا احسن انداز میں انعقاد یقینی بنایا جاسکے ۔ دہشت گردی کے خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے مشتبہ اشخاص اور اشیاء پر کڑی نظر رکھیں۔