اسلام آباد، کوہاٹ (92نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسیوں کو سراہا گیا،ایسا نظام بنائیں گے جس میں عوام فیصلے کریں گے ،احساس پروگرام اور صحت کارڈ عوامی فلاح کے منصوبے ہیں،میرٹ کا نظام اور شفافیت حکومت کی اہم ترجیح ہے ۔کوہاٹ میں تحریک انصاف کے ورکرز سے خطاب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاتحریک انصاف حکومت میں آئی تو معاشی چیلنجز درپیش تھے ۔ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے ذاتی مفادات کو ملکی مفاد پر ترجیح دی۔وزیراعظم عمران خان کا کوئی ذاتی مفاد نہیں،ان کا مشن پاکستان کو خوشحال بنانا ہے ۔ حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور پسماندہ طبقے کی بحالی ہے ۔ کورونا صورتحال میں پسماندہ اور غریب طبقے کیلئے خصوصی مالی پیکج دیا گیا،معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے صنعتوں اور کاروبار کیلئے خصوصی پیکج دیا گیا۔انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف ایک نظریے کے تحت حکومت میں آئی، بدعنوان عناصر کا بلا امتیاز احتساب کیا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کوہاٹ میں زیر تعمیر احمد فراز پبلک پارک کا دورہ کیا، پارک کی تعمیر پر 31 کروڑ لاگت آئے گی۔ وفاقی وزیراطلاعات نے ایک ٹویٹ میں کہا عوام کے مسترد شدہ اور کرپشن میں ڈوبے ہوئے لوگ ملتان میں کیا کر رہے ہیں؟ ان لوگوں کی آگ لگانے والی منفی ذہنیت بے نقاب ہوچکی، اپنی لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے یہ غریب عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر تلے ہیں۔