لاہور(کامرس رپورٹر) ہرمین سونیولڈ کی سربراہی میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مطالعاتی مشن نے لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے ملاقات کی اور پاکستان کی معاشی ترقی ، کاروباری ماحول، پیشہ ورانہ تعلیم اور صنعت اور تعلیمی شعبے کے روابط سمیت دیگر کئی مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران ڈاکٹر ریاض احمد، واصف یوسف، خالد عثمان ، ذیشان سہیل ملک، ارشد خان، چوہدری نصرت طاہر ، حاجی آصف سحر اور شیخ سجاد افضل بھی موقع پر موجود تھے ۔ہرمین سونیولڈ ،جو پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت کے ماہر ہیں، نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے ہمیشہ اپنے ترقی پذیر ممبر ممالک کی معیاری تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کی ہے ۔ ان ممالک میں موجود ٹریننگ اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ سسٹم کو عالمی لیبر مارکیٹ کے تقاضوں سے پوری طرح آراستہ کرنے کی ضرورت ہے جو مسابقتی صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت پیدا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی مختلف مسائل کے حل کیلئے پاکستان کی مدد کرتا رہا ہے مگر ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اداراتی اصلاحات بھی بے حد ضروری ہیں ۔