لاہور(نمائندہ خصوصی سے )چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر ) اعظم سلیمان خان سے ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنٹری ڈائریکٹر مس ژی ہونگ یانگ نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مس ژی ہونگ یانگ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پنجاب میں سماجی ترقی، لائیوسٹاک، زراعت، صاف پانی کی فراہمی ، بزنس سینٹرز کی تعمیر،ٹیکسٹائل اور دیگرشعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی پنجاب میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے ، اس ادارے کے تعاون سے صوبے کے ترقیاتی،سماجی اور معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ چیف سیکرٹری نے صوبائی حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان شراکت داری میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔دریں اثنا ان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور کمشنر لاہور ڈویژن نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔