اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کیلئے ایک ارب 30کروڑ ڈالر قرض منظوری دیدی ہے ۔ بجٹ معاونت فنڈ کی رقم پبلک فنانسنگ،توانائی کے شعبہ میں اصلاحات اور دیگر منصوبوں پر خرچ ہو گی، اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا بلکہ مالیاتی اورتوانائی کے شعبہ میں بہتری آئیگی اور معاشی استحکام کو تقویت ملے گی۔گزشتہ روز ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطا بق فوری اداہونے والی پالیسی بنیاد پر قرضہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈز کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی استحکام کیلئے اصلاحات کے پروگرام کا حصہ ہے ، یہ پروگرام 2018 کے وسط میں پاکستان کی ابتر اقتصادی پروگرام کے بعد شروع کیا گیا۔ ابتر زری اورمالیاتی صورتحال سے اس وقت پاکستان میں بڑھوتری اورتخفیف غربت کے خاتمے کی کوششوں کیلئے خطرات پیدا ہوگئے تھے ۔آئی ایم ایف کے معاونتی اصلاحات اوراقدامات پر پاکستان کی حکومت عمل پیرارہی جس کے نتیجہ میں پاکستان میں حسابات جاریہ کاخسارہ کم ہوا، محصولات میں اضافہ ہوا اوراقتصادی بحران کے اثرات سے معاشرے کے غریب طبقے کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملی جس کے بعد ایشائی ترقیاتی بنک نے پبلک فنانسنگ اورتوانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ضمن میں پاکستان کیلئے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی بجٹ معاونت کی منظوری دی۔ایشائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل برائے وسطی اورمغربی ایشیاء وارنر لائی پیچ نے ایک بیان میں کہا کہ بینک پاکستان کی معیشت کو مضبوط ومستحکم بنانے اور بیرونی مالیاتی خطرات کے شاکس سے پاکستان کوبچانے میں پرعزم ہے ۔ منظورشدہ فنڈزسے سماجی اوراقتصادی ترقی اورپائیداربڑھوتری کیلئے حکومت کو ہنگامی بنیادوں میں فنانسنگ میں مدد ملے گی۔آئی ایم ایف نے پاکستان کی معیشت کو پائیداراورجامع بڑھوتری کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے تین سال کے عرصہ میں پاکستان کیلئے 6 ارب ڈالر کے فنڈز مختص کئے ہیں۔آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کو ترقیاتی شراکت داروں سے مجموعی طورپر 38 ارب روپے کے فنڈز وگرانٹس ملنے کاامکان ہے ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے بیان کے مطابق بینک 2019-20ء کے دوران پاکستان کو 2.1 ارب ڈالر فراہم کرنے میں پرعزم ہے ۔ تیس کروڑ ڈالر قرضے کی رقم طرز حکمرانی اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری سمیت پالیسی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے دی جائیگی۔توانائی کے شعبہ کے اصلاحاتی پروگرام کا مقصد ٹیرف اور سبسڈی نظام میں بہتری سے گردشی قرضے پر قابو پانا ہے ۔ایشائی ترقیاتی بنک کے ڈائریکٹرجنر نے کہاکہ گردشی قرضہ کاحجم 10 ارب ڈالر تک بڑھ چکاتھاجس سے نمٹنے کیلئے سرکلر ڈیٹ ریڈکشن پلان شروع کیا گیا ، بینک ترقیاتی شراکت داروں کیساتھ ملکرمعاونت فراہم کررہاہے ،اس پالیسی سے گردشی قرضوں میں نیا اضافہ نہیں ہوگا اوراس کوبتدریج ختم کیا جائیگا۔