بیجنگ(این این آئی) پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے 3 روزہ براہ راست مذاکرات آج سے شروع ہوں گے ۔ پاکستانی وفدکی قیادت وفاقی وزیراقتصادی امور حماداظہرکررہے ہیں جبکہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)، کسٹمز، سٹیٹ بینک، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) ،وزرات خارجہ اور وزرات داخلہ کے حکام وفد میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے گرے فہرست سے نکلنے کیلئے متحرک سفارتی ڈپلومیسی اپناتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک سے رابطہ جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان نظرثانی رپورٹ 8جنوری کوایف اے ٹی ایف کوبھجواچکاہے ، جس میں بتایا گیا پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بیجنگ میں23جنوری تک ہونیوالے مذاکرات فیس ٹوفیس ہوں گے ۔ پاکستان اکتوبرتاجنوری تک27شرائط پرعملدرآمدرپورٹ پیش کرے گا۔رپورٹ 16 فروری سے شروع پیرس اجلاس میں زیرغورلائی جائے گی اور پیرس اجلاس میں پاکستان کوگرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ووٹنگ ہوگی۔