مکرمی !ہم بے خودی میں اپنی خودی کھو چکے ہیں۔ پاکستان نے دنیا بھر میں کمزور سفارت کاری اور بے جان خارجہ پالیسیوں ، کرپٹ اور استحصالی حکمرانوں کے تسلط اور غیر مہذب معاشرے کے قیام کی وجہ سے اپنی عزت کھو دی ہے۔ کئی ایسے فیصلے لئے جاتے رہے ہیں جن میں دور اندیشی نظر نہیں آتی ۔ یہ بالکل ایسے ہی ہے کہ بچہ لڑ جھگڑ کر چیز تو لے لیتا ہے پر اسے لاپرواہی اور غیر ذمہ دارانہ فطرت کی وجہ سے کھو بیٹھتا ہے۔پاکستان کے خود پرست حکمرانوں کے جاہلانہ فیصلوں کی وجہ سے آج اس نہج پر پہنچ گیا ہے کہ دشمن ممالک پاکستان پر اپنی مرضی مسلط کرنے میں کامیاب نظر آتے ہیں ۔ایف اے ٹی ایف کا حالیہ اجلاس ہوا جس میں پاکستان کو اکتوبر تک کی تاریخ دے کر ڈو اور ڈومور کا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا گیا۔ ایف اے ٹی ایف کے پیچھے در حقیقت پاکستان دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے جو کہ ایف اے ٹی ایف کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔اس سے پہلے بھی شمالی کوریا، عراق ، ایران و دیگر بہت سے ممالک ان زمینی خدائوں کے عتاب کا شکار ہو چکے ہیں۔اب ان کی نظریں ، پاکستان پر ہیں ۔ایف اے ٹی ایف کو اور کیا چاہئے؟ (ملک شفقت اللہ)