اسلام آباد(92 نیوز)ایف اے ٹی ایف نے حکومت پاکستان سے ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ کا نظام یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق وفاق اورچاروں صوبوں میں لینڈ ڈپارٹمنٹ کی دستاویزات کی کمپیوٹرائزائزیشن دسمبر سے پہلے مکمل کرنے کا پروگرام بنا لیا گیا جبکہ اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں کنسلٹنٹس کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا گیا ۔کراچی میں یہ عمل گزشتہ ماہ شروع کیا گیاتھا۔فیٹف نے منی ٹریل چھپانے کیلئے جا ئیداد کا ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کا تقاضہ کیا تھا۔اس ضمن میں کمپیوٹرائزیشن پہلا مرحلہ ہوگا۔اس کے بعد ملک کا تمام لینڈ ریکارڈ ریوینیو آفسز اور آڈٹ کے محکموں کے درمیان یکسا نگی کے عمل سے گزارا جائیگا۔فیٹف اس مرحلے کے بعدریکارڈ میں ردوبدل کی رپورٹس طلب کرے گا۔رپورٹس کا دیوانی مقدمات میں سامنے آنیوالے دعووں اور عدالتی فیصلوں سے موازنہ کرایا جائیگا۔اس عمل کیلئے نیا مواز نہ کا نظام ترتیب دیا جائیگا اور بین الاقوامی کنسلٹنٹ کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جا ئینگی۔اگلا مرحلہ صوبائی محکمہ فنانس میں مالی نظم و ضبط کو نئے سرے سے استور کرنے کا ہوگا۔اس نظام کو مربوط کرنے کیلئے فنانشل مینجمنٹ سافٹ ویئر تیار کیا جائیگا۔کراچی میں اس سوفٹ ویئر کی تیاری شروع کی جاچکی ہے جبکہ دوسرے صوبے سندھ کے تجربے سے استفادہ کرینگے ۔ان تمام مراحل کے اخراجات ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے آسان قرضوں سے پورے کیئے جا ئینگے تاہم فی الحال کے ایم سی اپنے بجٹ سے یہ اخراجات اٹھا رہی ہے ۔صوبائی محکمہ فنانس میں آنے والے فنڈز، تنخواہوں، پنشن، بلوں، ریٹائرڈ ملازمین کے گریجویٹی فنڈز کے ریکارڈز میں رد و بدل کو روکا جائیگا۔صوبائی سٹیٹس کے چالان کا بھی مکمل کمپیوٹرائزڈ نظام بنایا جائیگا۔سندھ میں یہ نظام کمپیوٹرائز کیا جا چکا ہے ۔ صوبائی اور کوکل گورنمنٹ اداروں کے بجٹ اسی ریکارڈ کی روشنی میں بنائے جائینگے ۔ دوسری جانب فیٹف کی ایک اور شرط کو پورا کرنے کیلئے اہم اقدامات کئے جا چکے ہیں۔ ان میں سے اہم ترین بیرون ملک سے قیمتی اشیا، سونا، چاندی اور قیمتی پتھر کی ملک میں سمگلنگ روکنے کیلئے قانون سازی مکمل ہوچکی۔ قیمتی اشیاء ذاتی سامان میں لانے پر کسٹمز ایکٹ کی شق نمبر 156 میں ترمیم کردی گئی ہے اورنئے قوانین لاگو کردیئے گئے ہیں۔15 لاکھ سے 30 لاکھ کی مالیت پر قیمت کے برابر جرمانہ اور دو سال قید، 30 لاکھ سے 50 لاکھ مالیت پر 200 فیصد جرمانہ اور 3 سال قید، ایک کروڑ سے زائد مالیت پر مالیت کے 5 گنا جرمانہ اور تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط، 10 ہزار ڈالر مالیت سے زیادہ پر تمام اشیاء ضبط اور 2 سال قید ہوگی۔ایسے جرم پراینٹی سمگلنگ کی دفعات لگائی جاینگی۔اشیاء میں سونا چاندی اور قیمتی پتھر شامل ہونگے ۔