لاہور( این این آئی) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے برآمدات میں اضافے کے لئے ایمر جنسی کی طرز پر اقدامات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے بعددیگر ممالک سے بھی تجارت میں توازن کے لئے فری ٹریڈ ایگریمنٹس کرنے کیلئے عملی پیشرفت کرنے کی ضرورت ہے ،انٹر نیشنل مارکیٹنگ کے لئے موثر اقدامات اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی پالیسی مرتب کی جائے ،وائس چیئرمین شیخ عامر خالد کی زیر صدارت منگل کے روز نارتھ سرکل کے اجلاس میں ’’ڈومو ٹیکس‘‘ نمائش میں غیر ملکی خریداروں کے رجحان کا جائزہ اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے جائزہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبداللطیف ملک ، سینئر ممبر ریاض احمد ، سعید خان ، محمد اکبر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ محمد اسلم طاہر نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عالمی نمائشوں میں شرکت کرنیوالے تمام لوگوں کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے اور ان سے رہنمائی حاصل کر کے مستقبل کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے ۔ بیرون ممالک نمائشوں میں شرکت کرنے والوں کو درپیش مسائل کو بھی حل کیا جانا چاہیے۔