اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارہ ( ایف آئی اے ) کو ہدایات موصول ہوئی ہیں کہ جعلی ، غیر قانونی اور بغیر لائسنس ویب و سوشل میڈیا چینلز کیخلاف کریک ڈائون کا آغاز کیا جائے جس پر ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے تمام زونل دفاتر کو سوشل میڈیا پر جعلی چینلز کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا گیا ہے ۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پیمرا نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کی روک تھام کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو کارروائی کیلئے خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے ۔