اسلام آباد؍ مظفرآباد(سپیشل رپورٹر؍ صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی مددکیلئے لائن آف کنٹرول پارکرنیوالابھارتی بیانیے کے ہاتھوں میں کھیل رہاہوگا۔ہفتے کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیرکے عوام کے غم و غصہ کو سمجھتاہوں، وہ مقبوضہ وادی میں2ماہ سے اپنے کشمیری بھائیوں کوبھارت کے غیرانسانی کرفیو کی قید میں دیکھ رہے ہیں۔وزیراعظم نے خبردار کیا کہ جو شخص کشمیریوں کی مددکیلئے آزاد کشمیر سے ایل اوسی پار کرے گا، وہ بھارتی بیانیے کے ہاتھوں میں کھیلے گا، چاہے اس کا مقصد کشمیریوں کو انسانی امداد کی فراہمی اور ان کی جدوجہد کی حمایت ہی کیوں نہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا اس سے بھارت کومقبوضہ وادی میں مظالم بڑھانے اور ایل اوسی پارحملے کابہانہ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا بھارت اپنے بیانیے کے ذریعے پاکستان پر ’’اسلامی دہشت گردی‘‘ کا الزام لگا کر ظالمانہ بھارتی قبضے کیخلاف اہل کشمیر کی جائز جدوجہد سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں ان تمام عظیم ہستیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو قوم کے شاندار مستقبل کے معمار کہلاتے ہیں، اس موقع پر میں اپنے تمام اساتذہ کو بھی خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اساتذہ قوم کے محسن ہیں جو کامیابی و کامرانی کے حصول میں سیڑھی کا کردار ادا کرتے ہیں، اساتذہ کی قدرومنزلت کو یقینی بنانا نیا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔دوسری جانب جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ(جے کے ایل ایف) کی کال پر آزاد کشمیر بھر سے آزادی مارچ کے قافلے ہفتے کو گڑھی دوپٹہ پہنچ گئے ، مارچ کا آغاز جمعے کو ضلع بھمبر سے ہوا تھا، قافلہ کوٹلی، راولاکوٹ اور دھیرکوٹ سے ہوتا ہوا رات گئے گڑھی دوپٹہ پہنچا، جہاں سے مارچ کے شرکا آج (اتوار) چکوٹھی روانہ ہونگے ،دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری نے چناری اور لائن آف کنٹرول چکوٹھی کے درمیان جسکول کے مقام پر شاہراہ سرینگر پر کنٹینر،مٹی کے تودے ،بجلی کے پول اور خار دار تاریں لگا کر مکمل ناکہ بندی کر لی ہے ۔