بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے دیوا سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے پاک فوج کے دو جوان سپاہی نور الحسن اور وسیم علی شہید ہو گئے۔ پاک فوج نے بھی بھر پور جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس میں کئی بھارتی فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کئی برسوں سے بھارت کا وطیرہ بن چکا ہے‘ صرف رواں سال کے دوران اب تک بھارتی فوج 2333مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر چکی ہیں لیکن اسے ہر بار پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے منہ کی کھانی پڑی ہے لیکن وہ اپنی مذموم حرکتوں سے باز نہیں آتا۔ بھارت کبھی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کرتا ہے اور کبھی جاسوسی کے لئے اپنے ڈرون پاکستانی علاقے میں بھیج دیتا ہے۔ پاکستان کئی بار بھارت سے ان خلاف ورزیوں پر ا حتجاج کر چکا ہے اور اس کے سفارتکاروں کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے احتجاجی مرا سلے بھی تھما چکا ہے لیکن بھارت یہ خلاف ورزیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے، جو خطے میں امن و سلامتی کے لئے خطرہ بن چکی ہیں۔ خطے کی سلامتی اور امن عالم کے لئے ضروری ہے کہ یہ خلاف ورزیاں روکی جائیں اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق جنگ بندی معاہدے پر عمل کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ خطے میں امن و سلامتی کے لئے جاری کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔