اسلام آباد،کراچی(نامہ نگار،این این آئی،صباح نیوز) ایل این جی کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے تینوں صاحبزادوں عبداللہ خاقان، نادر خاقان اور حیدر خاقان نے نیب راولپنڈی میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ ذرائع کے مطابق نیب تحقیقاتی ٹیم نے ایل این جی کیس کے سلسلے میں سوالات کئے جس کے جواب میں تینوں نے کہاہمیں ایل این جی معاملے میں کوئی معلومات ہیں نہ ہی والد نے کبھی کوئی تفصیل بتائی۔ والد کے کاروباری، پیشہ وارانہ اور سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں ۔نادر شاہد نے بیان دیا میں چند ماہ قبل ہی آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کر کے واپس وطن آیا ہوں۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے شاہد خاقان عباسی کے دیگر اہلخانہ کو بھی طلب کیا ہے اور کوشش کر رہی ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس تیار کرکے احتساب عدالت میں دائر کرے ۔نیب راولپنڈی شاہدخاقان عباسی کے پرسنل سیکرٹری اور کاروباری دوستوں کو بھی جلد طلب کریگا۔ادھرنیب نے ٹائرسکینڈل کی ابتدائی تفتیش مکمل کرلی،مرید عباس اور خضر حیات نے مال کے ساتھ جان بھی گنوائی لیکن اپنی جمع پونجی کھونے والوں میں درجنوں لوگ اور بھی سامنے آگئے ۔ ڈی جی نیب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مرکزی ملزم عاطف زمان کیخلاف 30 سرمایہ کاروں نے نیب سے رابطہ کیا، متاثرین نے بیانات قلمبند اور دستاویزات بھی جمع کرائیں، عاطف زمان نے بھاری سرمایہ کاری کا جھانسہ دیکر لوگوں کو دھوکا دیا، زید انٹرپرائزر اور انفینیٹی امپورٹ سلوشن کے ذریعے سرمایہ کاری کی گئی۔ڈی جی نیب نے عاطف زمان اور ساتھیوں کے غیرقانونی اثاثوں کا پتہ لگانے کے احکامات جاری کردیئے ۔ عاطف زمان نے گرفتاری دینے سے پہلے اپنی جائیدادیں ٹھکانے لگائیں ،دھندے میں ملزمان کے والد علی زمان کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔