کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے ایل این جی کیس کے شریک ملزم سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق منیجنگ ڈائریکٹر پی ایس او عمران الحق کی پانچ پانچ لاکھ روپے کے عوض دس روز کیلیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی اوردونوں ملزمان کو نیب کے ساتھ تعاون کرنے کا حکم دیدیا۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹرنے کہا مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے وارنٹ چیئرمین نیب نے جاری کیے ، ملزم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کا ٹھیکہ اس کمپنی کو دیا جس میں وہ خود شئیر ہولڈر تھے ،مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کی گرفتاری ایل این جی کیس میں اہم پیشرفت لاسکتی ہے ۔وکیل مفتاح اسماعیل نے کہا مفتاح اسماعیل نے نیب کے ساتھ پہلے بھی تعاون کیا اور اب بھی تیار ہیں،ملزمان کیخلاف کارروائی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔میڈیا سے گفتگو میں مفتاح اسماعیل نے کہا نیب کو وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی ضرورت نہیں تھی ،نیب نے مجھے جب بلایا میں پیش ہوا،عدالت میں انصاف کے لئے آیا ہوں،گزشتہ روزنیب نے طلب نہیں کیا تھا، نوٹس 3 بجے کے بعد موصول ہوا۔