لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی(ایل ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے شہر سے کوڑا کرکٹ صاف کرنے کے لیے ’’مشن کلین‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں تین سو سے زائد مشینری کیساتھ اضافی مشینری بھی فیلڈ میں متحرک کی گئی ہے، اس میں شبہ نہیں کہ اس وقت صوبائی دارالحکومت کے اندرونی و بیرونی گلی محلے، سڑکیں اور بازار کچرے اور کوڑا کرکٹ سے اٹے پڑے ہیں۔ ما ضی میں اختتام ہفتہ سے پہلے کوڑے دانوں اور کچرا پھینکنے کی جگہوں سے کوڑا کرکٹ اٹھا لیا جاتا تھا لیکن اب ایک طویل عرصہ سے یہ صورتحال ہے کہ کوڑے دان بھی کوڑا کرکٹ سے بھر چکے ہیں جبکہ کچرا پھینکنے کے پوائنٹس پر کوڑے کے ایک ڈھیر پر دوسرا ڈھیر لگ چکا ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کا کام اب یہ ہونا چاہیے کہ کم سے کم مدت میں شہر کو صحیح معنوں میں کلین اپ کر دے اور یہ آپریشن کلین عارضی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر ہو نا چاہیے، صفائی کے عملہ کی شہر کے ہر طرف ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور ان کی کڑی نگرانی بھی کی جائے وہ اتوار کی تعطیل کے سوا پورا مہینہ اپنی ڈیوٹی انجام دیں نیز عملے کو تنخواہیں بھی وقت پر ادا کی جائیں۔ کچرا پھینکنے کے پوائنٹس اور ڈسٹ بنز کو روزانہ صاف کیا جائے تا کہ شہر میں تعفن نہ پھیلے۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اسی طرح کے کلین آپریشن کیے جائیں تا کہ دیگر شہروں میں بھی گندکی کے مسائل پیدا نہ ہوں۔