اسلام آباد (وقائع نگار ، 92 نیوزرپورٹ)ایل پی جی مزیدمہنگی ہو گی۔ اوگرانے ایل پی جی کی قیمت میں 4روپے فی کلواضافہ کردیا۔جولائی کیلئے فی کلوقیمت 114روپے مقرر کر دی گئی۔ گھریلو سلنڈر 47روپے اور کمرشل سلنڈر180روپے مہنگا ہو گیا ۔ سرکاری پیداواری قیمت میں 3386روپے میٹرک ٹن اضافہ کے بعد اوگرا نے جولائی کیلئے نئی قیمتیں جاری کر دیں۔ ایل پی جی 110روپے کی بجائے 114روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 1298روپے کی بجائے 1345روپے اور کمرشل سلنڈر 4995روپے کی بجائے 5175روپے میں فروخت ہوگا۔ اوگرانے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریزایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر کا کہنا ہے سوئی سدرن گیس کمپنی حکومت کو بدنام کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ ایس ایس جی سی کی جانب سے جامشورو جوائنٹ وینچر جے جے وی ایل کیساتھ ایل پی جی پراسیسنگ کا معاہدہ ختم ہو گیا جس سے قومی خزانے کو سالانہ 4 ارب کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ معاہدہ ختم ہونے سے صارفین مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس ایس جی سی(SSGC) کے بورڈ کو تحلیل کرتے ہوئے ان کیخلاف تحقیقات کا آغاز کیا جائے ۔