لاہور(اپنے رپورٹر سے ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم کی ہدایت پر ایل ڈی اے کی رہائشی سکیموں‘کنٹرولڈ ایریااور دیگر مقامات پر درخت لگانے کے لئے بھرپور شجر کاری مہم آج سے شروع کی جار ہی ہے جو تین ہفتے (12ستمبر )تک جاری رہے گی۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے سکیم کے الاٹیوں اور عام شہریوں کو شجرکاری مہم میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے 10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت اس مہم کاآغاز ایل ڈی اے ایونیو ون سے کیاجائے گا ۔ ایل ڈی اے کے افسران و ملازمین نمازجمعہ کے بعد تین بجے ایل ڈی اے ایونیو ون میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں ایک ہزار درخت لگائیں گے ۔ اس موقع پر شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرنے کے سلسلے میں ایک واک بھی منعقد ہو گی ۔ایل ڈی اے کی شجر کاری مہم کے سلسلے میں جامع پروگرام تشکیل دے دیا گیا ہے ۔اللہ ہوچوک اور فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہر ٹاؤن اور لبرٹی چوک گلبرگ میں شہریوں کو درختوں اور شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لئے خصوصی آگہی کیمپ قائم کئے جائیں گے جہاں پر شہریوں کو معلوماتی کتابچے تقسیم کئے جائیں گے ۔ شجر کاری کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے آئندہ ہفتے ایک سیمینار ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس جوہر ٹاؤن میں بھی منعقد ہوگا۔ اس موقع پر شجر کاری سے متعلق ایک موبائل ایپلی کیشن بھی لانچ کی جائے گی ۔