اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پاکستان ریلوے نے اوپن ٹیک ایکسیس پالیسی مرتب کی ہے ۔ نجی شعبے کو اپنا رولنگ سٹاک لانے کو خوش آمدید کہیں گے ۔ نجی شعبے میں پرتگالی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے جو ریلوے کا خسارہ ختم کرنے میں مدد دے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزارت ریلویز میں پرتگال کے سرمایہ کاروں اور کاروباری شعبے سے متعلق افراد سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں پرتگال کے سرمایہ کاروں نے پاکستان ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہارکیا اور ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کی پیشکش کی۔ پرتگالی سرمایہ داروں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ، سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ شیخ رشید احمد نے پرتگالی سر مایہ کاروں کو پاکستان ریلوے میں جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے کراچی۔ پشاور مین لائین ون منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد کر رہا ہے اورمنصوبے پر اگلے سال سے کام شروع ہو جائے گا۔ 1872 کلو میٹر کراچی اور پشاور کے درمیان نئے ٹریک سے ریل میں انقلاب آئے گا۔ پرتگالی سرمایہ کاروں کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر جوز کارلوس کر رہے ہیں۔