لاہور،گوجرانوالہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپریل میں ایم ایل ون کا افتتاح دنیا کی بہت بڑی شخصیت کریگی جس سے ایک لاکھ لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔ اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ، زرداری میری دائیں اور نواز شریف بائیں جیب میں ہیں۔ حکومت کو پریشانی مہنگائی سے ہے ۔ مولانا فضل الرحمن نے دھرنا دیا تو پھر سے کہتا ہوں دھر لئے جائیں گے ۔گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن پر شٹل ٹرین کے افتتاح کے موقع پرشیخ رشید احمد نے کہا کہ شٹل ٹرین کے ایک ہفتہ چلنے پر حساب لگایا جائے گا اگر نقصان ہو رہا ہواتو 100 روپے کرایہ میں معمولی اضافہ کریں گے ۔مارچ اپریل کے دوران اے سی کو چز بھی ٹرین کے ساتھ لگا دی جائیں گی تا کہ مسافروں کو سہولیات زیادہ سے زیادہ میسر آسکیں ۔ گوجرانوالہ بہت بڑی کاروباری منڈی ہے ۔اگلے 6ماہ تک یہاں چھوٹا سا ڈرائی پورٹ بنادیا جائے گاتا کہ کراچی سے براہ راست سامان پہنچنا شروع ہو جائے ْ شٹل ٹرین کے مسافروں کو مختلف سٹیشنوں خاص طور پر مریدکے رکنے پرعوام کی جانب سے مسافروں پر گل پاشی کی گئی جس سے وہ محظوظ ہوتے رہے ۔علاوہ ازیں گوجرانوالہ لاہور کے درمیان ’’شٹل ٹرین‘‘ سروس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جبکہ پہلی ٹرین کی آمدورفت اوقات کار کے حوالہ سے ’’سر منڈاتے ہی اولے پڑے ‘‘ کے مصداق رہی کیونکہ گوجرانوالہ سے روانہ ہونے والی پہلی ٹرین جس میں صرف 52مسافر سوار تھے ناصرف وہ 20منٹ تاخیر سے لاہور پہنچ سکی بلکہ لاہور سے گوجرانوالہ آنے والی پہلی گاڑی بھی مقررہ وقت سے 35منٹ کی تاخیر سے پہنچ پائی تھی۔