لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کی ہدایت پر پاکستان بنگلہ دیش بین الااقوامی میچز کے حوالے سے صفائی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ۔اس حوالے سے ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر احمد طحہ،جی ایم آپریشن اور سربراہ کمیونیکیشن نے قذافی سٹیڈیم کا غیر اعلانیہ دورہ کیا گیا اور میچز کے حوالے سے جاری صفائی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزٹ کے دوران انہوں نے قذافی سٹیڈیم کے تمام انکلوژرز،اندرونی و بیرونی حصوں، واش رومز اور پارکنگ ایریاز کا دورہ کیا ۔ صفائی کے اچھے انتظامات پر ورکرز کی حوصلہ افزائی کی گئی۔اس موقع پر ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر احمد طحہ کا کہنا تھا کہ میچز کے دوران بھی بہترین صفائی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کو صاف ستھرے ماحول میں میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔جی ایم آپریشن کا کہنا تھا کہ محکمہ شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں سر گرم عمل ہے ۔ادارے کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ شہریوں کومیچز کے دوران صفا ئی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے محکمہ کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔