ملتان،لاہور (نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم کی نا اہلی کے فیصلہ کو معطل کرتے ہوئے انہیں بحال کر دیا۔گزشتہ روز الیکشن ٹربیونل ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جسٹس شاہد کریم نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے 6 نومبر تک جواب طلب کر لیا۔ حلقہ پی پی 217 میں شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والے سلمان نعیم نے درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے میری 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا تھا۔تاہم نوید آرائیں نامی شخص کی درخواست پر کم عمر ہونے کو وجہ بنا کریکم اکتوبر کو نااہل کردیا جس کا الیکشن کمیشن کو اختیار حاصل نہیں ہے ۔نااہلی کافیصلہ دینے کااختیار صرف الیکشن ٹربیونل کے پاس ہے ،لہٰذا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرکے مجھے بحال کرنے کا حکم دیا جائے ۔فاضل جج نے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ۔