کراچی (سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ ، نیوز ایجنسیا ں )پیپلز پارٹی کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو سندھ حکومت میں شمولیت کی مشروط پیشکش اور ایم کیو ایم کی جانب سے حکومت سے تحفظات کے اظہار کے بعد پاکستان تحریک انصاف متحرک ہو گئی۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی طرف سے ایم کیو ایم کی قیادت کو سندھ حکومت میں شمولیت کی مشروط پیش کش کے بعد سندھ میں سیاسی درجہ حرارت تیز ہوگیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرجہانگیر ترین حکومتی رابطہ کمیٹی کیساتھ اسی ہفتے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملیں گے اور ان کے تحفظات کے ازالے اورمطالبات پرپیشرفت کیلئے مشاورت کریں گے ۔ملاقات میں ایم کیو ایم کے تحفظات، مطالبات اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات ہوگی۔ منجمد فنڈز کا اجرا، بلدیاتی اختیارات کی واپسی،گمشدہ و اسیر کارکنان کی بازیابی ،سیاسی سرگرمیوں کیلئے پارٹی دفاترکی بحالی و دیگرنکات بھی ایجنڈے میں شامل ہونگے ۔اتحادیوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے اور تحریری معاہدے پر بھی غور ہوگا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کراچی بحالی کمیٹی کا اجلاس آج گورنرہاؤس میں طلب کرلیا ہے ۔ ایم کیوایم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دیدی گئی۔ذرائع کے مطابق متحدہ رہنما کنور نوید جمیل اور میئر کراچی وسیم اختر و دیگر ہنما شریک ہونگے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر علی زیدی سمیت پی ٹی آئی کراچی کے ارکان اسمبلی شریک ہونگے ۔روٹھے اتحادی کومنانے کیلئے وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسدعمرکواہم ٹا سک دیدیاگیا ہے ۔این این آئی کے مطابق بلاول بھٹو کی پیشکش کے معاملے پر ایم کیو ایم کی قیادت 2 حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایک گروپ نے بلاول بھٹو کی پیشکش پرسنجیدگی سے غور کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ دوسرے گروپ نے وفاقی حکومت کا حصہ بنے رہنے پر اتفاق کیا ہے ۔ادھر وفاقی حکومت کی اتحادی جی ڈی اے بھی ناراض ہوگئی۔پیرپگاڑااورجی ڈی اے قیادت نے پی ٹی آئی سے فاصلہ اختیار کرنا شروع کردیا۔وزیراعظم اور پی ٹی آئی مرکزی کمیٹی سے دوملاقاتوں میں پیرصدرالدین راشدی شریک نہیں ہوئے ۔جی ڈی اے رہنمائوں نے وفاقی حکومت کے حوالے سے قیادت کوشکایات کی تھیں۔بعض رہنمائوں نے حکومت سے علیحدگی کامشورہ بھی دیدیا۔جی ڈی اے رہنمائوں کو تحفظات ہیں کہ وفاقی حکومت نے ان کے حلقوں کے مسائل کو نظراندازکررکھاہے ۔صرف وعدوں پر ہی معاملات کو ٹالاگیاہے ۔