کراچی (سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ ،این این آئی،نیٹ نیوز ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرے اور وفاقی حکومت کو گرانے میں ہمارا ساتھ دے ، کراچی اور اس کے عوام کی خاطر جتنی وزارتیں وفاق میں ایم کیو ایم کے پاس ہیں ہم سندھ میں دینے کے لیے تیار ہیں،کر اچی کے عوام کو معلوم ہے کہ عمران نے انہیں دھوکہ دیا ہے ، انکا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ہے ،وفاق کی گیس کی پالیسی کی مزاحمت کرتے ہیں، ہمارے صوبے کا حق مارا جارہا ہے ، آپ وہاں سے گیس چھین رہے ہیں جہاں سے گیس پیدا ہورہی ہے ، بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ لوگ نکالے گئے ہیں، سندھ حکومت اس معاملے کو عدالت میں چیلنج کرے ، غریب سے ایک ہزار روپے چھیننے والے سیاستدانوں پر لعنت ہو۔جبکہ ایم کیو ایم نے کہ کہ وفاقی حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی کی خواہش پر نہیں کرینگے ۔ کراچی کے علاقے لانڈھی اور کورنگی میں 4 ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی میں ترقی ہو کیونکہ یہاں پورے پاکستان سے رکھنے والے لوگ آکر بستے ہیں تاہم ہمیں ہماری ضرورت کے مطابق وسائل نہیں دیے جاتے ہیں جس کے لیے ہمیں اپنا وفاق سے حصہ چھیننا پڑے گا، عوام بہت سے مشکلات کا سامنا کر رہی ہے ، معاشی صورتحال بہت خطرناک ہے ، غریب اور سفید پوش طبقے کے لیے مشکلات بڑھتی جارہی ہیں، حکومتی اقدامات غریب دشمنی کی علامات ہیں، سکھر میں سردی کا 25 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور اس موسم میں کچی آبادی میں رہنے والے لوگوں کو زبردستی بے گھر کیا گیا، میں تمام عدالتی فورمز کو اس موسم اور اس وقت میں انکروچمنٹ کے کام کو روکنے کی اپیل کرتا ہوں اور میئر کراچی سے اپیل کرتا ہوں کہ اس سردی کی شدت میں اس کام کو روکا جائے جووفاقی وزیر بیانات دے رہے ہیں وہ وفاق دشمن ہیں، ان سے استعفیٰ لیا جائے ، میں ایم کیو ایم کے ساتھیوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ جو ظلم کراچی کے خلاف ہورہا ہے وہ روکا جاسکتا ہے ،میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ جتنی وزارتیں وفاق میں ایم کیو ایم کے پاس ہیں ہم انہیں سندھ میں دینے کے لیے تیار ہیں بس شرط یہ ہے کہ عمران کو گھر بھیج دیں،امید ہے آج نہیں تو کل ان کو یہ فیصلہ لینا پڑے گا، پاکستان کو بچانا پڑے گا اور نیا پاکستان کو ختم کرنا پڑے گا ۔ ترجمان ایم کیوایم پاکستان کے مطابق وفاقی حکومت سے اتحادکراچی کے مفادکیلئے کیا،وزارتوں کیلئے نہیں،وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے خوش نہیں ہیں ،ایم کیوایم وزارتوں کی بجائے عوامی حقوق کی سیاست کررہی ہے ،ایم کیوایم نے مطالبہ کیاکہ بلاول اپنے دورحکومت میں سندھ میں ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کو ایجنڈے میں شامل کریں،وزارتوں کی بجائے بلاول مقامی حکومتوں کے نظام کو بااختیاربنائیں جبکہ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ عوام کے مفاد میں کسی کے ساتھ بھی جا سکتے ہیں، ہماری جماعت ان کی آفر پر غور کر سکتی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول کی آفر کو قبول کرنا صرف میرے اختیار میں نہیں، ہماری پارٹی اس پر غور کر سکتی ہے ، ماضی میں حکمران جماعتوں نے کراچی کے مسائل حل نہیں کیے ۔ موجودہ وفاقی حکومت بھی ایسا ہی کر رہی ہے ۔