لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،خصوصی نیوزرپورٹر) حکومت پنجاب نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سمیت 2افسروں کی بیرون ملک رخصت منظور کرنے کے علاوہ متعدد افسروں کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق اے سی ایس داخلہ سید علی مرتضیٰ کو متحدہ عرب امارات جانے کیلئے ایک یوم کی بیرون ملک رخصت کے ساتھ ساتھ چیف سلیکشن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ فرخ نوید کی10 دن کی بیرون ملک رخصت منظورکر لی جبکہ تقرری کے منتظر گریڈ19 کے عمر فاروق ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محکمہ پرائمری سیکنڈری ہیلتھ تعینات کرنے ، اشفاق الرحمٰن ڈپٹی سیکرٹری ایگریکلچر زرعی مارکیٹنگ ون کو تبدیل کر کے ان کی خدمات ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کے سپرد کر نے ، ایڈیشنل کمشنر بہاولپور تنویر جہانگیر کو ایڈیشنل کمشنر ریونیو کا اضافی چارج دینے ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر گوجرانوالہ خالد عمر قریشی کو تبدیل کر کے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی گوجرانوالہ تعینات کر دیا جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر گوجرانوالہ کی اضافی ذمہ داریاں بھی انہی کوسونپ دی گئی ہیں۔ادھر وحید اختر انصاری منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن کو تبدیل کر کے افسر بکار خاص بنا نے ،غضنفر علی خان ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن کو منیجنگ ڈائریکٹر کی اضافی ذمہ داریاں سونپنے ،اعجاز احمد سیکرٹری برائے صوبائی محتسب سے ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ کی اضافی ذمہ داریاں واپس لے کر الیاس گل ایڈیشنل کمشنر (کنسالیڈیشن ) گوجرانوالہ کو تبدیل کر کے اپنے پے سکیل میں ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ پنجاب تعینات کر نے ،خالد نذیر منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی لاہور کو تبدیل کر کے افسر بکار خاص بنا نے کے ساتھ ساتھ اجمل بھٹی منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کو تبدیل کر کے منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی لاہور تعینات کر دیا گیا ۔علاوہ ازیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کسٹمز ونگ نے 1650افسروں اور ماتحت سٹاف کے تبادلے اور پوسٹنگ کر دی ۔ اس سلسلے میں گریڈ 16کی 180 پوسٹس کو ریڈیزیگنیٹ کیا گیا ہے اور 1568پوسٹس کی نئی جگہ پوسٹنگز کی گئی ہیں ۔ یہ تعیناتیاں صرف ماتحت عملہ میں ہی نہیں کی گئیں بلکہ گریڈ17سے 21کے 84افسران کے تبادلے اور تعیناتیاں بھی کی گئی ہیں ۔