لاہور(جنرل رپورٹر)وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ ایم ٹی آئی ایکٹ سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرزکوتحفظ دے رہاہے ۔ کسی بھی شخص کوہسپتالوں کاامن تباہ نہیں کرنے دینگے ۔ ایم ٹی آئی ایکٹ کواحتجاج کرنیوالوں کی اتفاق رائے سے منظورکیاگیا، شرپسند عناصراحتجاج کے ذریعے سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ پنجاب کے کسی بھی سرکاری ہسپتال کوایک منٹ کیلئے بھی بندنہیں ہونے دینگے ۔ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ڈینگی پرقابوپانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کاجائزہ لیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈینگی پرقابوپانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کومشترکہ کاوش کرنی ہوگی۔علاوہ ازیں انہوں نے آن لائن پوسٹ دیکھ کرپانچ سالہ معصوم بچے واجدعلی کاعلاج شروع کروادیا۔معصوم بچہ واجدعلی آنکھوں کی بیماری میں مبتلااورانتہائی تکلیف میں ہے ۔ وزیرصحت پنجاب نے ایم ایس بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹرعزیزالرحمن کوبچے کے مکمل علاج معالجہ کیلئے فورا تشخیصی بورڈتشکیل دینے کاحکم دے دیا۔