لاہور ( سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو8وکٹوں سے شکست دیدی۔ افغانستان کی پوری ٹیم 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد محسن نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف36ویں اوور میں 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ روحیل نذیر نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔کاکس بازار بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا افغانستان کی آدھی ٹیم 74 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی ۔ منیراحمد 41رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ افغانستان کی پوری ٹیم 42.2اوورز میں 138رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد محسن نے 30 رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔139 رنز کے تعاقب میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی جانب سے عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 50 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ تیسری وکٹ کے لیے روحیل نذیر اور سعود شکیل کے درمیان 70 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے پاکستان کو میچ میں فتح دلادی۔