لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی جونیئرو ایمرجنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے کہا ہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں کامیابی کے بعد اگلا ہدف جونیئر ورلڈکپ جیتنا ہے جس کے لئے بھر پور تیاریا ں جاری ہیں اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے مجھے یقین ہے ہم کہ جونیئر ورلڈ کپ کی ٹرافی جیت کر لائیں گے ۔ایل سی سی اے گراونڈ پر قومی انڈر ٹیم کے وارم اپ میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز احمد نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں تمام ٹیموں کو شکست دے کر ہم ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی جو کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے بعد ہماری تو جہ انڈر 19ورلڈ کپ پر مرکوز ہے جس میں کامیابی حاصل کرنے کا یقین ہے ،اعجاز احمد نے کہا کہ ہماری انڈر 19ٹیم میں تینوں شعبوں میں بہترین کھلاڑی شامل ہیں اورکیمپ میں شریک 28کھلاڑیوں کے علاوہ حال ہی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فاسٹ باولر نسیم شاہ بھی میگا ایونٹ کے لئے دستیاب ہوں گے اس کے ساتھ ہم کھلاڑیوں کو میچز کھلاکر ان کی صلاحیتوں اور میچ فٹنس کا جائزہ لے رہے ہیں اور امید ہے کہ ہماری ٹیم فتح یاب ہو ں گے ۔اعجا زاحمد نے کہا ہماری پاس انڈر 19ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے ڈیڑھ ماہ کاوقت ہے جس میں ہم میگاایونٹ کے لئے بہترین ٹیم تیار کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔