اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) ایمنسٹی سکیم کے تحت ٹیکس چوروں کو بھی کھلی چھوٹ مل گئی، حکومت نے فوری طور پر ٹیکس چوری کیخلاف اقدمات کو روک لیا۔نادرا کی جانب سے ایف بی آر کو ارسال 60 ہزار ٹیکس چوروں کی فہرست پر بھی کارروائی کو معطل کردیا گیا۔ ڈی سی اور ایف بی آر پراپرٹی ٹیکس کی خلاف ورزی کرنے والے بھی آزاد، کوئی کچھ نہیں کہے گا۔ذرائع کے مطابق ایمنسٹی سکیم جاری رہنے تک ٹیکس چوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی اور تمام اقدامات کی منظوری چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے دی جو پہلے ہی چھاپہ مار کاروائیاں معطل کرنے کا حکم دے چکے ہیں۔ کراچی(کامرس رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،نیٹ نیوز) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہاہے خام مال کی چند اقسام کے سوا ٹیکس چھوٹ کسی کو نہیں ملے گی،ایمسنٹی اسکیم میں کسی قسم کی کوئی الجھن نہیں ہے اور نہ ہی ہم فنانس بل میں کوئی تبدیلی لارہے ہیں۔ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے جلد قوانین جاری کردیے جائینگے ۔کراچی چیمبر آف کامرس میں ممبران سے ملاقات کے بعدخطاب میں چیئرمین ایف بی آرشبر نے کہاآپ ٹیکس کم کرنے کا حل بتادیں میں بجٹ سے پہلے آپکا مسئلہ حل کردونگا۔ انہوں نے کہا کہ خام مال کی چند اقسام پر تو ریلیف دیا جاسکتا ہے سب پر ٹیکس چھوٹ نہیں ملے گی۔ شبیر زیدی نے کہا ہماری انڈسٹری کو فراڈ کیلئے استعمال کیا گیاہے ۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے علاوہ بھی سمگلنگ ہورہی ہے ۔غلطیاں ہمارے لوگوں کی بھی ہیں، سمگل شدہ اشیا بیچنا بھی شرعی اصولوں کے خلاف ہے ۔تقریب سے کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جنید اسماعیل نے بھی خطاب کیا ۔ شبر زیدی نے کہا افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے علاوہ بھی سمگلنگ ہو رہی ہے ،سمگلنگ کے ذمہ داربھی ہمارے اپنے لوگوں ہیں، سمگلنگ شرعی طورپربھی جائزنہیں، رمضان کے مہینے میں سمگلنگ کی چیزیں بیچیں گے توروزہ نہیں ہوگا، 24گھنٹے کے اندرنوٹس دیکرٹیکس لینے کاکہاہے ، افغان ٹرانزٹ ایک سیاسی ایشو ہے ۔ ٹیکس دہندہ کی معلومات کا افشاہوناایف بی آرسٹاف کی نااہلی ہے ،غلط کام کرنیوالے ایف بی آر کے دو افسر گرفتار کروں گا، چوری میں ملوث ایک تاجر گرفتار کرنے میں چیمبر آف کامرس مدد کرے ، اس ملک کو بچانے کے لیے دو ہاتھوں سے تالی بجائیں، سمگل شدہ سامان فروخت کرنا چوری ہے ، ایف بی آر والے اب نوٹس جاری نہیں کرینگے ، اب پہلے انتباہ نامہ ارسال کیا جائے گا کہ ٹیکس دے دیں ، 300 کمپنیوں میں سے صرف 80 انکم ٹیکس دیتی ہیں، ٹیکس دائرے میں لانے کے لیے وزیراعظم کو ان افراد کی فہرست دونگا جو ٹیکس ادا نہیں کررہے ۔ایف بی آر افسران کے صوابدیدی اورگرفتاریوں کے اختیارات ختم کرنا چاہتا ہوں۔